راولپنڈی سید منور حسن کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کردی گئی.

راولپنڈی:سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن کی غائبانہ نماز جنازہ ہفتہ کے روز دفتر جماعت اسلامی کے باہر ادا کی گئی۔ نمازجنازہ کی امامت امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کرائی۔ نماز جنازہ میں ممتاز عالم دین مولانا عبدالجلیل نقشبندی، ضلعی جنرل سیکرٹری سید عزیر حامد، نائب امراء شیخ مسعوداحمد ،ضیااللہ چوہان، ڈپٹی جنرل سیکرٹری راجہ ممتازحسین، جاویداختر، چوہدری ظفر یاسین، عبدالعزیزاعوان، ملک عمران، سیکرٹری اطلاعات ملک محمداعظم، سابق ایم پی اے محمدحنیف چوہدری، پاکستان مسلم لیگ( ن) کے شوکت بٹ، پاکستان تحریک انصاف کے ظہیراعوان کےعلاوہ جماعت اسلامی کے عہدیداران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سید عارف شیرازی نے کہا کہ سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن ایک عظیم انسان تھے۔ وہ رہتے تو اس زمانے میں تھے مگر لگتا تھا کہ وہ قرون اولی سے تھے۔ حق گوئی و بے باکی ان کا طرہ امتیاز تھا۔ انہوں نے ساری زندگی سادگی کو اپنا اوڑھنا اور بچھونا بنایا۔ انہوں نے کہا کہ سید منور حسن درویش صفت اور انتہائی مخلص شخصیت کے مالک تھے۔ عملی زندگی میں صحابہ کرام رض اور اللہ کے برگزیدہ بندوں والی صفات ان میں پائی جاتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ جن باتوں کی وجہ سے میڈیا ان پرتنقید کرتا تھا۔ اب سارا میڈیا ہی اسی موقف پر آگیا ہے۔ اس سے ان کی اصابت رائے اور دور اندیشی کا پتہ چلتا ہے۔ وہ جرآت اظہار کا استعارہ تھے۔ سید منور حسن کو پڑھنے کی ضرورت یے۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ سید منور حسن کی شاندار خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے طالب علمی کے دور سے اللہ کے دین کے غلبہ کی تحریک میں ایک کارکن اور پھر قائد کی حیثیت سے مثالی اور تاریخی جدوجہد کی ہے۔ اللہ تعالی سید منور حسن کی مغفرت فرمائے۔ ان کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔ غمزدہ خاندان اور جماعت اسلامی کے کارکنان کو اس عظیم صدمے پر صبراورحوصلے کی توفیق عطا فرمائے۔ یادرہے سا بق امیر جماعت اسلامی سید منور حسن گذشتہ جمعہ کے روز 78 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئے ,جن کی نماز جنازہ کراچی میں سراج الحق امیر جماعت اسلامی نے پڑھائی.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے