راولپنڈی (پوٹھوہار ٹائمز )امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی اور جامعہ ظلال القرأن کے مہتمم مولانا سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ ہماری پریشانیوں اور زوال کا سبب اللہ تعالیٰ کی کتاب سے دوری اور اس کتاب ہدایت کے احکامات سے روگردانی ہے۔ امت مسلمہ کو عظمت رفتہ کی بحالی اور عروج و ترقی کے لئے پھر سے قرأن مجید کو اپنا ہادی اور رہنما بنانا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جامعہ ظلال القرأن پنڈ ہون میں دورہ تفسیر القرآن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر شیخ القرآن مولانا عطا اللہ ساجد ،ممتاز عالم دین مولانا عبدالستار،سابق منتظم اعلیٰ جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان مولانا محمد غیاث، جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی مولانا عثمان أکاش، نائب امراء جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عزیر حامد،خالد محمود مرزا اور دیگر رہنماؤں نے بھی اظہار خیال کیا ۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جامعہ ظلال القرآن کی تعمیر اور افتتاح کے بعد پہلی مرتبہ دورہ تفسیر قران کا أغاز کیا جا رہا ہے۔ان شا اللہ شائقین قرأن کی ایک بڑی تعداد شریک ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام اباد اور اردگرد کی أبادیوں سے بھی تشنگان علوم قرأن اپنی علمی پیاس کی سیرابی کے لئے استفادہ کر سکتے ہیں ۔ نامور عالم دین مولانا عطا اللہ ساجد دورہ تفسیر قرأن کرائیں گے۔شیخ القرأن مولانا عطا اللہ ساجد نے کہا کہ اس وقت امت مسلمہ طرح طرح کے مصائب اور ألام کا شکار ہے۔اللہ تعالیٰ نے اپنے أخری نبی حضرت محمد مصطفےٰ صلی اللہ علیہ و سلم کے ذریعے سے قرأن مجید کو ہدایت و رہنمائی کے لئے نازل کیا ہے۔أنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم نے قرأن کی تعلیمات کی روشنی میں ایک عظیم انقلاب برپا کیا تھا۔أئیے قرأن کی طرف رجوع کریں ۔انسانوں کو ظلم و نا انصافی سےصرف اور صرف قرأن کا نظام رحمت ہی بچا سکتا ہے۔