راولپنڈی(پوٹھوہار ٹائمز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے وزیراعظم کو اندازہ ہو گیا ہے کہ اب کرسی بچانے کے لیے ان کے پاس وقت نہیں۔ آج وزیراعظم کے پاس دکھانے کو کوئی کارکردگی نہیں،انہوں نے کام کرنے کی بجائے پھر جلسے شروع کردیے ہیں۔وزیر اعظم سرکاری وسائل پر سیاسی دورے کر رہے ہیں۔الیکشن کمیشن کی پابندی کے باوجودان کے سیاسی جلسے ظاہر کرتے ہیں کہ وہ کسی قانون کا احترام نہیں کرتے۔ وہ اداروں پر کیچڑ اچھال رہے ہیں۔جس طرح کی گالم گلوچ وہ اپنے جلسوں میں کررہے ہیں وہ ملکی سیاست کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔جماعت اسلامی کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ مسائل کے حل کے لیے نئے الیکشن ہوں، عدم اعتماد کے بعد اگر پی ٹی آئی کی جگہ ن لیگ یا پی پی آگئی تو بھی کون سی تبدیلی آئے گی۔اپوزیشن کا اتحاد مصنوعی اور مجبوری پر ہے۔کسی اندرونی تبدیلی کی بجائے نئے انتخابات ہی مسئلے کا واحد حل ہے۔ عوام پرانے چہروں سے نجات چاہتے ہیں، قوم کو فیصلہ کرنے کا اختیار دینا چاہیے کہ وہ کس کا ساتھ دیتے ہیں۔ قوم نے تینوں کو آزما لیا، قوم اپنے حق کے لیے کھڑی ہو اور جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔انہوں نے کہا ادارے کہہ رہے ہیں کہ وہ غیر جانبدار ہیں مگر وزیر اعظم کہتے ہیں غیر جانبدار تو جانور ہوتا ہے۔ بدقسمتی سے یہی لوگ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو لائے،پی ٹی آئی کو لانے والے بھی یہی لوگ ہیں، مگر آج شرمندہ ہیں۔اسٹیبلشمنٹ کو آج فیصلہ کرنا ہو گاکہ وہ غیر جانبدار رہے۔سراج الحق کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے میڈیا پر وہ پابندیاں لگائیں جو کسی جرنیل نے بھی نہیں لگائیں،جس میڈیا نے وزیراعظم کو سپورٹ کیا آج وہ اسی میڈیا کو کچل رہے ہیں۔ان خیالات کااظہارانھوں نے مہنگائی،بیروزگاری اورراولپنڈی کے مسائل کے خلاف لیاقت باغ چوک مری روڈ پر منعقدہ احتجاجی دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم, نائب امیر میاں اسلم نائب امیرجماعت اسلامی ,پنجاب حافظ تنویراحمد،صدرجے آئی لیبرونگ این ایل ایف پاکستان شمس الرحمن سواتی،امیرضلع راولپنڈی سیدعارف شیرازی،صوبائی صدرجے آئی یوتھ اویس اسلم مرزا، ضلعی سیکرٹری محمدعثمان آکاش،نائب امیرضلع رضااحمدشاہ،ناظم اسلامی جمعیت طلبہ راولپنڈی عبدالرحمن سمیت دیگرقائدین نے بھی اس موقع پراظہارخیال کیا۔احتجاجی دھرنے میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمداصغر، صوبائی رہنما رضوان احمد، قاضی محمدجمیل،صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان،ضلعی ومقامی ذمہ داران سمیت مردوخواتین،نوجوانوں،بزرگوں، بچوں اور خطہ پوٹھوہارکے عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔