آرچ بشپ راولپنڈی اسلام آباد بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد اورقومی کمیشن برائے امن و انصاف کے ڈائریکٹر ریورنڈ فادرسرفراز سائمن نے پشاور میں پادری ولیم سراج کی شہادت اورپادری پیٹرک نعیم کے زخمی ہونے کے واقعہ کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے ہم حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی کی پیش کردہ رپورٹ جو کہ انہوں نے پشاور چرچ میں بم دھماکوں کے بعد مرتب کی تھی خصوصی طور پر اس کی شق نمبر 5کی روشنی میں اقلیتوں کی عبادت گاہوں مذہبی قیادت کی حفاظت کے مناسب انتظامات کرے۔ انہوں نے حکومتِ وقت سے پر زور مطالبہ کیا کہ حکومت مسیحیوں کی سیکورٹی یقینی بنائے۔
آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد کاکہنا تھا کہ ہم پادری پیٹرک نعیم اور ساتھی ولیم سراج پر حملے کی شدید مذمت اورمتاثرہ مسیحی پادریوں کے اہل خانہ سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
ڈائریکٹر قومی امن و انصاف کمیشن ریورنڈ فادسرفراز سائمن کا کہنا تھا کہ پادریوں پر حملے نے پاکستان میں تمام مسیحی برادری کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔ جو لوگ بھی اس واقعے میں ملوث ہیں، انہیں جلد از جلد بے نقاب کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایااور قرار واقعی سزا دیتے ہوئے نشان عبرت بنایا جائے۔
واضح رہے کہ پشاور میں اتوار کو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک پادری ولیم سراج موقع پر شہید جبکہ ان کے ساتھی پیٹرک نعیم زخمی ہو گئے تھے۔
گل بہار پولیس اسٹیشن نے بتایا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ پشاور میں رنگ روڈ پر واقع مدینہ مارکیٹ کے پاس دوپہر ڈیڑھ بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب دونوں پادری صاحبان آل سینٹ چرچ میں عبادات ختم ہونے کے بعد گھر جا رہے تھے۔