جمعیت علماء اسلام کے وفد کی دفتر جماعت اسلامی آمد, سیدمنور حسن صاحب کی وفات پر اظہار تعزیت

راولپنڈی:امیرجمعیت علماء اسلام (ف) ضلع راولپنڈی مولانا ڈاکٹر ضیا الرحمان امازئی،ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمدزبیر عباسی، قاری کرامت اور دیگر نے گزشتہ روز دفتر جماعت اسلامی آ کر سابق امیر جماعت اسلامی سید منور حسن کی وفات پر تعزیت کااظہار کیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی ،جنرل سیکرٹری سید عزیر حامد، نائب امراء شیخ مسعوداحمد، چوہدری منیراحمد، ڈپٹی جنرل سیکرٹری راجہ ممتازحسین، جاویداختر، چوہدری ظفر یاسین، سیکرٹری اطلاعات ملک محمداعظم اور دیگر عہدیراران بھی موجودتھے۔ اس موقع پر سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن، مہتمم جامعہ رشیدیہ کراچی مفتی محمد نعیم، پیر عزیزالرحمان ہزاروی اور دیگر علماء کرام کی مغفرت اور بلندی درجات کے لئے دعا کی گئی۔ ڈاکٹر ضیاالرحمان امازئی نے کہا کہ سید منور حسن کی رحلت دینی جماعتوں کا بڑا نقصان ہے۔ اس سے ایک خلا پیدا ہوا ہے۔ ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ دینی جماعتیں آپس کے اتحاد و اتفاق کے ذریعے سے اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے جدوجہد کریں۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ مغربی طاقتوں نے جہاد کو دہشت گردی بنادیا۔ مگر سید منور حسن نے ہر پلیٹ فارم پر ڈٹ کر حق کی آواز بلند کی ہے۔ ان کا موقف بڑا واضح تھا۔ اس پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا اور نہ ہی کبھی معذرت خواہانہ رویہ اختیار کیا۔ قاری کرامت نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ سید منور حسن کے مشن اور کاز کو آگے بڑھانے کے لئے ہمیں کام کرنا چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے