راولپنڈی ( پوٹھوہار ٹائمز ) محکمہ صحت پنجاب نے چند روز قبل کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ایک موبائل ویکسینیشن سروس کا آغاز کیا ہے۔ یہ کرونا وائرس ویکسین یونٹ ان لوگوں کو گھر گھر جاکر کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائے گا جن کی عمر 80 برس یا اس سے زائد ہے اور یا پھر وہ لوگ جو کسی بیماری کی وجہ سے بستر پر ہیں اور گھر سے باہر نہیں جا سکتے۔
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ یہ سروس اس وقت چار بڑے شہروں لاہور، راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد میں میسر ہے جبکہ اس وین میں ایک ڈاکٹر اور ایک ویکسینیٹر موجود ہوگا۔
انہیں موبائل وینز میں سے ایک وین کے ہیلتھ ورکر انعام اللہ نے پوٹھوہار ٹائمز کو بتایا کہ اس وقت راولپنڈی شہر کے مختلف علاقوں میں چار سے چھ ایسی وینز اپنا کام کر رہی ہیں جو مختلف علاقوں میں جاتی ہیں۔
ہیلتھ ورکر انعام اللہ نے بتایا کہ یہ سہولت حاصل کرنے کے لیے یا تو آپ اپنی رجسٹریشن کروائیں یا پھر ہیلپ لائن 1033 پر کال کر کے اپنے قوائف لکھوائیں جس کے بعد یہ وین آپ کی ویکسینیشن کے لیے آپ کے گھر پہنچ جائے گی۔
ان کا کہنا ہے اس کے علاوہ ڈرائیو ویکسینیشن کی سہولت بھی متعارف کروا دی گئی ہے جس میں شہری اپنی سواری میں بیٹھ کر بھی ویکسین لگوا سکتے ہیں اس کیلئے علامہ اقبال پارک ڈبل روڈ پر باقاعدہ سنٹر بھی قائم کیا جا چکا ہے۔