اسلام آباد (پوٹھوہار ٹائمز)29 سال سے پابند سلاسل ممتاز کشمیری رہنماء ڈاکٹر قاسم فکتو کی کتاب "بانگ” کی تقریب رونمائی بدھ کے روز کشمیر کمیٹی اور کشمیر یوتھ الائنس کے اشتراک سے ایوان صدر میں منعقد ہوئی, تقریب سے سینئر اینکر پرسن عمران خان ریاض ,ڈاکٹر مجاہد گیلانی, رضی طاہر, چئیرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی, ڈاکٹر قاسم فکتو کے بیٹے احمد بن قاسم فکتو اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خطاب کیا. صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نےخطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ہندوتواجیسی متعصبانہ پالیسیوں کے باعث تباہی کی طرف جارہا ہے، اقتصادی طور پر مضبوط پاکستان دنیا کے سامنے کشمیریوں کا مقدمہ بہتر طریقہ سے رکھ سکتا ہے، پاکستان قانونی اور اخلاقی اعتبار سے کشمیر کا مقدمہ لڑے گا، کشمیری عوام حق خود ارادیت کی جدوجہد میں اکیلے نہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر کا آبادیاتی تناسب تبدیل کرنے کی مذموم کوشش کررہا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اس وقت ورلڈ آرڈر ذاتی مفادات پر مبنی پھر بھی پاکستان کا وقار بڑھا، کشمیری مجاہدین کو سلام ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیریوں کے پاس موقع ہے کہ وہ عالمی رائے عامہ کے سامنے کشمیر کے حوالہ سے اپنا مؤقف پیش کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ بھارت فیک نیوز کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں’ سب ٹھیک’ کا ڈرامہ رچا رہا ہے، کشمیرپریمیئر لیگ نے دنیا بھر کو بتایا کہ آزاد کشمیر میں شہری کس آزادی سے رہ رہے ہیں۔ صدر نے کہا کہ توہین رسالت کے معاملہ پر وزیراعظم عمران خان کے پیش کئے گئے مؤقف کو روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے بیان نے مہر لگا دی ہے، پاکستان نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں افغانستان کے حوالہ سے دنیا کے سامنے ٹھوس مؤقف پیش کیا، او آئی سی کے وزراء خارجہ کونسل کے حالیہ اجلاس میں افغانستان کی صورتحال کے حوالہ سے بھرپور طریقے پر اپنا مؤقف پیش کیا گیا جس پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی رائے عامہ کے سامنے یہ حقیقت رکھی گئی کہ افغانستان کو نہیں بھلایا جا سکتا۔ صدر نے کہا کہ اقتصادی طور پر مضبوط پاکستان کشمیریوں کا مقدمہ دنیا کے سامنے بہتر طریقہ سے رکھ سکتا ہے، پاکستان قانونی اور اخلاقی اعتبار سے کشمیر کا مقدمہ لڑے گا۔ انہوں نے برسر جدوجہد کشمیری عوام کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس بات کا تصور بھی نہیں کرسکتا کہ وہ کشمیریوں کو ان کی حق خود ارادیت کی جائز جدوجہد میں اکیلا چھوڑ سکتا ہے۔ڈاکٹر قاسم فکتو کے بیٹے احمد بن قاسم نے کہا کہ ہمارایہ مسئلہ نہیں کہ ہمیں انڈیا سے حقوق چاہئیں یا ہمیں وہ حقوق نہیں دے رہا ہم اس کے ساتھ رہنا ہی نہیں چاہتے.تقریب میں مختلف شعبہ ہائے سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی.